خاتون کا مسلسل 31 ویں بار بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

جے پور : بھارتی ریاست راجستھان میں ایک ذہنی معذور خاتون کا مسلسل 31 ویں بار کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا لیکن اس میں کورونا کی ایک بھی علامت موجود نہیں ہے جس پر ڈاکٹرز بھی چکرا کر رہ گئے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ضلع بھارت پور کی 32 سالہ خاتون کا پہلی بار گزشتہ برس 24 اگست کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد اس کا 14 بار پی سی آر اور 17 بار اینٹی جن ٹیسٹ مثبت آیا۔

ذہنی معذور خاتون کو ایک فلاحی ادارے کے سنٹر میں رکھا گیا ہے کیونکہ اس کے شوہر اور والدین کا انتقال ہوچکا ہے۔ سنٹر کے منتظم برج موہن بھردواج کے مطابق خاتون کو یکم ستمبر 2020 کو سنٹر میں لایا گیا تھا جس کے بعد 4 اور 9 ستمبر، یکم ،7 اور 15 اکتوبر، 2، 9 ، 18 اور 23 نومبر، یکم ، 7، 14 اور 25 دسمبر اور 7 جنوری کو ٹیسٹ کرائے گئے اور اس میں کورونا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

برج موہن کے مطابق خاتون کو مسلسل تنہائی میں تو رکھا ہوا ہے لیکن اتنی بار ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود اس میں کورونا کی ایک بھی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔

ضلع بھارت پور کے چیف میڈیکل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کپتان سنگھ کا کہنا ہے کہ خاتون کے ٹیسٹ اس لیے مثبت آرہے ہیں کیونکہ اس کے معدے میں مردہ حالت میں کورونا وائرس موجود ہوسکتا ہے، یہ خاتون کسی دوسرے شخص کو وائرس منتقل نہیں کرسکتی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے