نیب بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آگیا، نوٹس جاری، دلچسپ خبرآگئی
اسلام آباد : قومی احتساب بیورو(نیب) کو قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں نوٹس جاری کردیا گیاہے، نیب نے ٹیکس کی کٹوتی کیے بغیر براڈشیٹ کو 28.7ملین ڈالر ادا کیے ، نیب کو برطانیہ میں موجود کمپنی کو ادائیگی کے وقت ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 15فیصد یعنی 43لاکھ ڈالر (تقریباً 690ملین روپے ) کٹوتی کرنا تھی ۔
اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نیب کو نوٹس جاری کردیا۔ یادرہے کہ پرویزمشرف کے دورحکومت میںپاکستانی سیاستدانوں کے بیرون ملک اثاثوں کی چھان بین کیلئے براڈ شیٹ کیساتھ معاہدہ کیا گیاتھااور نیب نے 2003ءمیں یہ معاہدہ ختم کردیا تھاجس کے بعد براڈ شیٹ اور اس میں شریک دیگر کمپنیوں نے نقصانات کے ازالے کے لیے لندن ہائیکورٹ سے رجوع کرلیاتھا۔ فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے پاکستان کو حکم دیا کہ 28ملین ڈالر براڈشیٹ کو ادا کیے جائیں۔
یادرہے کہ حکومت نے گزشتہ دنوں ہی براڈ شیٹ کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک رکنی انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دی اور کمیشن کی ذمہ داری سپریم کورٹ کے سابق جسٹس عظمت سعید شیخ کو سونپی گئی ۔