سلمان خان نے عدالت سے معافی مانگ لی مگر کیوں ؟
جودھ پور: کالا ہرن شکار کیس میں سلمان خان نے جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر عدالت سے معافی مانگ لی، اداکار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگست 2003 میں غلطی سے جعلی حلف نامہ جمع کرایا گیا تھا لہذا سلمان خان کو غلطی کی بنیاد پر معاف کیا جائے، ان کے موکل مصروفیات کے باعث بتانا بھول گئے تھے ان کے اسلحہ کا لائسنس تجدید کے لیے گیا ہوا ہے،
انہوں نے عدالت میں کہا کہ ان کا لائسنس گم ہوگیا ہے اور اس حوالے سے جعلی حلف نامہ جمع کرایا۔ سلمان خان کے وکیل کے بیان کے برعکس حکومتی وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ اداکار کے خلاف عدالت کو گمراہ کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے۔عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد سماعت ملتوی کردی۔
یادرہے کہ 2018 میں عدالت نے سلمان خان سمیت، سیف علی خان، ادکارہ تبو، نیلم اور سونالی بیندرے کو فلم کی شوٹنگ کے دوران دو کالے ہرن مارنے پر پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم بعد میں سلمان خان نے سزا کے خلاف جودھ پور کی عدالت میں اپیل دائر کی تھی جس پر جمعرات کو فیصلہ سنایا جائے گا۔