ٹیچر بند مائیک کے ساتھ دو گھنٹے آن لائن کلاس میں لیکچر دیتا رہا
سنگاپور : کورونا وائرس کے سبب تعلیمی ادارے بند ہیں اور لیکچرز بھی ’زوم‘ جیسی ایپلی کیشنز کے ذریعے آن لائن دیئے جا رہے ہیں۔ سنگاپور میں گزشتہ دنوں آن لائن لیکچر کے حوالے سے ہی ایک ایسا مضحکہ خیز واقعہ پیش آیا ہے کہ سن کر ہنسی روکنا مشکل ہو جائے۔ میل آن لائن کے مطابق واقعہ کچھ یوں ہے کہ سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی کے ریاضی کے پروفیسر ڈونگ وینگ اپنے طالب علموں کو آن لائن لیکچر دے رہے تھے۔
پروفیسر ڈونگ وینگ نے طالب علموں کو2گھنٹوں پر محیط طویل لیکچر دیااور لیکچر ختم ہونے پر انہیں پتا چلا کہ ان کا مائیک تو بند تھا اور دو گھنٹوں میں بولا گیا کوئی ایک بھی لفظ طالب علموں تک پہنچا ہی نہیں۔رپورٹ کے مطابق پروفیسر صاحب کو طالب علموں نے آن لائن کال پر ہی بتانے ہی کوشش کی کہ ان کا مائیک ’میوٹ‘ ہے لیکن ان تک طالب علموں کی آواز بھی نہیں پہنچی۔
پھر طالب علموں نے ان کے فون اور ای میل کے ذریعے بھی ان سے رابطے کی کوشش کی لیکن پروفیسر صاحب کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا اور انہوں نے بے آواز لیکچر جاری رکھا۔ انہوں نے لیکچر ختم کرنے کے بعد طالب علموں کی کال اٹھائی اور انہیں اس بات کا علم ہوا۔