کورونا کے حوالے سے نئی پابندیوں کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد : کورونا کیسز میں اضافے کے بعد اس حوالے سے نئی پابندیوں کے اطلاق کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے نئی پابندیوں کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کیا ، جس کے مطابق تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات دس بجے کے بعد پابندی عائد ہو گی تاہم ہسپتال، میڈیکل سٹور اور اشیائے خورونوش کی دکانوں پر10 بجے کی پابندی لاگو نہیں ہوگی ، شادی ہالز اور ہوٹلز کے اندر بیٹھ کر کھانوں پر 15 مارچ سے دی جانے والی اجازت منسوخ کر دی گئی ہے جب کہ دفاتر میں 50 فیصد کام گھر سے کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد ہوگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق تمام پارکس شام 6 بجے کے بعد بند کر دئیے جائیں گے ، سینما ہالز اور مزارات پر پابندی برقرار رہے گی ، تاہم کھلے مقامات پر 300 افراد کے اجتماع کی کورونا ایس او پیز کے تحت اجازت ہوگی ، عوامی اور دیگر مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے جب کہ وائرس پھیلنے والے ممکنہ مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو لاک ڈاؤن کیا جا سکے گا۔
بتایا گیا ہے کہ تمام پابندیوں کا اطلاق 15 اپریل تک رہے گا ، اس حوالے سے پابندیوں میں کسی بھی قسم کی نرمی یا مزید سختیوں کے حوالے سے مزید فیصلہ 12 اپریل کو کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث ایک بار پھر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ، جس کے تحت تقریحی پارک شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، دفاترمیں 50 فیصد حاضری پر کل سے عمل درآمد ہوجائے گا ، شادی ہالز اورریسٹورنٹس میں انڈورسروسز بدستور بندرہیں گی ، 15مارچ سے سینما ہالز اور مزارات وغیرہ کھولنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا ، صوبے اپنے حالات کا جائزہ لے کر بھی پابندی لگاسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہو ، جس میں تمام صوبوں کے وزرا ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ، اجلاس مین ملک میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، جس کے لیے تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں معاون خصوصی داکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے کی پابندی برقرار رہے گی ، تاہم ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کی پالیسی جاری رہے گی ، انتظامی ادارے اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کریں، کیوں کہ گزشتہ ہفتے کے دوران کیسز میں اضافہ ہوا، اس لیے تفریحی پارک شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے ، جس کی وجہ سے کورونا کیسز بڑھنے کے باعث اسپتالوں پر بوجھ بڑھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کے ساتھ اسکولوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد ہوتا رہے گا ، ماسک کے استعمال پر مستقل روز دے رہے ہیں ، بیماری کے پھیلاؤ کے تناسب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگاتے رہیں ، شادی ہال سے متعلق پالیسی برقرار رہے گی ، آؤٹ ڈور تقریبات کیلئے بھی 300 افراد تک کی اجازت ہوگی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے