پی آئی اے کے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا، پرواز کی ہنگامی لینڈنگ
کراچی: اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم کپتان نے مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے قائد اعظم محمد علی جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 368 نے جیسے ہی اڑان بھری، ایک پرندہ طیارے کے دائیں انجن سے ٹکراگیا۔ کپتان نے حادثے کے فوری بعد طیارے کو دوبارہ ایئرپورٹ پر اتار لیا۔
پی آئی اے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کا شکار پرواز پر 162 مسافر سوار تھے، مسافروں کو متبادل طیارے یا پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ایئرپورٹ کے اطراف آبادی، آلودگی اور پرندوں کے روک تھام کا موثر نظام کا نہ ہونا ایسے واقعات کی سبب بنتے ہیں، فضائی حفاظت اداروں اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے اور ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔