حکومت کا آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان

اسلام آباد : حکومت نے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کردیا ، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کہتے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں ای ووٹنگ سسٹم کو متعارف کرایاجائے گا ، جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ ای ووٹنگ متعارف کروائی جائے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان ای ووٹنگ کو دیکھ رہی ہے ، کیوں کہ آزادانہ ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کروانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے جب کہ وزارت آئی ٹی کا کام شفاف انتخابات میں تیکنیکی معاونت فراہم کرناہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 12 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ای ووٹنگ متعارف کروانا چاہتے ہیں تاہم ایسا ممکن نظر نہیں آرہا ہے کیوں کہ قانونی معاملات کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں جب کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کی میدان میں تبدیلی آرہی ہے ، یورپ اور امریکا تو اس معاملے میں بہت آگے نکل چکے ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اہم کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے پاکستان کی اپنی الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرلی ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ پاکستان نے اپنی الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرلی ہے ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس میں ہم نے اس مشین کو تیار کیا ، اس مشین پر الیکٹرانک ووٹنگ بھی ہوگی اور اس کے ساتھ ہی بیلٹ پیپر بھی نکلے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشین ہم نادرا، نسٹ اور کامسیٹ کے ساتھ شیئر کرنے کے جا رہے ہیں، یہ مشین اب آخری مراحل میں ہے اور یہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اور منسٹری آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اہم اقدام ہے ، مستقبل میں دھاندلی سے بچنے اور شفاف انتخابات کیلئے جدید ٹیکنالوجی لازمی ہے، تاکہ کل جیسے ڈسکہ میں جو کچھ ہوا، یا ہمیشہ ووٹنگ پر جو الزامات لگتے ان کا سدباب کیا جا سکے ۔

تاہم مسلم لیگ ن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی مخالفت کر دی ، سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ووٹ چوری کرنے کا نیا طریقہ ہیں۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے لیگی رہنما احسن اقبال اور مریم اورانگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں الیکشن چوری کرنے کا نیا ذریعہ ہیں، انہیں کوئی اٹھا کر لے گیا تو کہاں سے ڈھونڈ کر واپس لائیں گے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے