پاکستان کی خود مختاری کی حفاظت کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، چین
چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران عالمی برادری سے منصفانہ انداز میں حقائق کا تجزیہ کرنے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کی قدر کرے اور پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ چین دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے چین کی سفارتی ترجیحات میں شامل رہا ہے، دونوں ممالک اسٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنر ہیں اور سفارتی محاذ پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ چین پاکستان کی خود مختاری کی حفاظت کے لئے اپنا بھر پور تعاون جاری رکھے گا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے عوامی جمہوریہ چین کے دورہ کے دوران بیلٹ اینڈ روڈ فورم 2019 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور چین کے صدر ، وزیراعظم اور نائب صدر سے ملاقاتیں کیں اور تاریخی دستاویزات پر دستخط کیے۔
جینگ شوانگ نے مولانا مسعود اظہر کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین نے متعدد بار مسعود اظہر کے بارے میں اپنا موقف واضح انداز میں پیش کیا ہے، ہم تمام فریقین کی مشترکہ کاوشوں سے یہ مسئلہ حل کریں گے۔