برازیلین شخص نے اپنی گرل فرینڈ کو مارڈالا ، وجہ ایسی کہ کوئی بھی دم بخود رہ جائے
برازیلی: برازیل میں ایک آدمی نے اپنی 24سالہ گرل فرینڈ کو بہیمانہ تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اینا پاﺅلا کوٹینو نامی اس لڑکی کی غلطی صرف اتنی تھی کہ ایک پول پارٹی کے دوران غلطی سے اس کی بکنی ایک طرف ہٹ گئی اور اس کی چھاتیاں لوگوں کے سامنے نمایاں ہو گئیں، جس پر اس کا بوائے فرینڈ نکولس لوری میخون آپے سے باہر ہو گیا اور اس قدر تشدد کیا کہ اینا کی موت واقع ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ایتاپیسریکا ڈا سیرا میونسپلٹی میں ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ جب اینا نے پول میں چھلانگ لگائی تو اس کی چھاتی نمایاں ہو گئی۔ اگرچہ یہ حادثاتی طور پر ہوا تھا لیکن نکولس نے اس پر الزام عائد کر دیا کہ اس نے جان بوجھ کرپول پارٹی میں شریک لوگوں کو اپنا جسم دکھانے کے لیے یہ حرکت کی ہے۔ وہ فوری طور پر اینا کو وہاں سے لے کر گھر واپس چلا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گھر لیجا کر اینا کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی موت ہو جانے پر لاش ایک مقامی ہسپتال میں چھوڑ کر وہاں سے فرار ہو گیا۔ ملزم تاحال مفرور ہے اور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔