پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے جہانگیر ترین کو تنہا نہ چھوڑ نے کا اعلان کردیا

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے جہانگیر ترین کو تنہا نہ چھوڑ نے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کی لاہور کی بینکنگ کورٹ میں پیشی سے پہلے ان کے گھر پر ایک اجلاس ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے راجہ ریاض اور غلام بی بی بھروانہ کے علاوہ صوبائی وزیر پنجاب نعمان لنگڑیال سمیت دیگر کئی ایم این ایز اور ایم پی ایز نے شرکت کی ، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر عبدالحئی دستی اور امیر محمد خان نے بھی جہانگیر ترین کی حمایت کا اعلان کیا۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین لاہور کی ایف آئی اے بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے ، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء غلام بی بی بھروانہ ،راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال،نذیر بلوچ ، سلیمان نعیم اور خرم لغاری جہانگیر ترین کے ہمراہ تھے ، جب کہ چودھری افتخار گوندل ،اسلم بھروانہ،طاہر راندوا اور امیر محمد خان بھی جہانگیر ترین کے ساتھ موجود تھے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ کچھ لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کررہے ہیں ، اس پر وزیراعظم عمران خان کو ایکشن لینا چاہیے ، وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے ، وزیراعظم اپنے بہترین اور جان نثار دوست کے خلاف زیادتی بند کرائیں۔ میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے، یہ کیا ہو رہا ہے؟ انہیں سب شوگر ملز میں صرف جہانگیر ترین نظر آیا؟ تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں، میں تو دوست تھا مجھے دشمنی کی طرف کیوں دھکیل رہے ہو؟۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے، اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے؟ اس سے کیا فائدہ؟ کون کر رہا ہے؟ وقت آگیا ہے کہ انتقامی کارروائی کو بے نقاب کیا جائے، تحریک انصاف میں شامل ہوں اور رہوں گا، میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئی ہیں، آصف زرداری سے ملاقات کی خبروں میں صداقت نہیں ، ایسی کوئی ملاقات نہیں ہورہی ، لیکن یہ سب کون لوگ ہیں جنہوں نے مجھے خان صاحب سے دور کردیا ، مجھے دور کرنے سے پی ٹی آئی کو زیادہ فائدہ نہیں ہوگا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے