لاہور میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 22 فیصد تک پہنچ گئی
لاہور : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 22 فیصد تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب اور بالخصوص دارا؛لحکومت لاہور میں کورونا مثبت کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 22 فیصد تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ لاہور میں کورونا کے 7 ہزار 10 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1 ہزار 575 مثبت کیس نکلے ، صوبہ پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 62 اورلاہور میں 28 اموات ہوئیں ، لاہور کے ہسپتالوں کے آئی سی یو میں 30 نئے مریض داخل ہوئے ، لاہور کے جب کہ 78فیصدآئی سی یواور70فیصدآکسیجن وارڈ بھرے ہوئے ہیں۔
کورونا کی بڑھتے ہوئے کیسز کی بناء پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے بیڈز کی دستیابی سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی ، نجی ہسپتالوں سے متعلق معلومات ہیلپ لائن 080000742 سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق پنجاب کے 12 شہروں کے 81 نجی اسپتالوں میں کورونا مریضوں کا علاج جاری ہے، ان اسپتالوں میں ایک ہزار394بیڈز کورونا کے مریضوں کے لیے مختص ہیں جب کہ 270وینٹی لیٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہے ، آئسولیشن وارڈز، ہائی ڈیپینڈینسی یونٹس اور انتہائی نگہداشت وارڈز بھی فعال ہیں جب کہ لاہور میں کورونا کے مریضوں کا 34 اسپتالوں میں علاج جاری ہے، جہاں 436بیڈز اور 167وینٹی لیٹرز بھی دستیاب ہیں۔
دوسری طرف پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ، ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.69 فیصد ہوگئی ، 5 ہزار 329 نئے مثبت کیسز سامنے آگئے ، ایک دن میں مزید 98 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ، اس وقت ملک بھر میں عالمی وباء کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 66 ہزار994 ہے جن میں سے تقریباً 4 ہزار مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔