رس ملائی کے شوقین ڈاکوؤں نے ملک شاپ ہی لوٹ لی
لاہور : رس ملائی کے شوقین ڈاکوؤں نے ملک شاپ ہی لوٹ لی ۔ لاہور میں ڈکیتی کی انوکھی واردات سامنے آئی جس میں ڈاکوؤں نے دُکان لُوٹنے سے قبل ہی منہ میٹھا کیا جس کے بعد نقدی لے کر فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ وحدت کالونی میں موجود ملک شاپ میں گُھس کر ڈاکوؤں نے پہلے رس ملائی کھائی اور پھر واردات کی۔
اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دُکان میں گُھس کر پہلے ڈاکوؤں نے رسملائی کھائی اور پھر واردات کی ۔ مذکورہ ملک شاپ سے ڈاکوؤں نے 25 ہزار روپے نقد اور موبائل فون لُوٹے جس کے بعد فرار ہو گئے۔ متاثرہ دکاندار فراز ریاض نے بتایا کہ وحدت کالونی پولیس نے پُھرتی دکھاتے ہوئے ڈکیتی کی بجائے چوری کا مقدمہ درج کر لیا۔
فراز نے اعلیٰ پولیس حکام سےاپیل کی ہے کہ ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے ڈاکووں کو گرفتار کیا جائے۔ اس سے قبل کراچی میں ڈکیتی کی ایک واردات ہوئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل کرنے پر ڈاکوؤں نے دوبارہ اُسی دکان پر دھاوا بول کر بدلہ لیا۔ کراچی میں پہلی ڈکیتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر ڈکیت دوبارہ جوس کی دکان پر پہنچ گیا اور پھر سے واردات بھی کی۔
دکاندار کو زدوکوب کرتے ہوئے اسے کہا کہ ”تم نے میری فوٹیج وائرل کی، جسے دیکھ کر مجھے بہت غصہ آیا اوراسی وجہ سے میں دوبارہ واردات کرنے آیا ہوں۔ اب دوبارہ ویڈیو وائرل کرنا، پھر تمہارا انجام لوگ دیکھیں گے۔ ” میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملزم پولیس طرزکی نمبر پلیٹ والی موٹرسائیکل پر اکیلا ہی ڈکیتی واردات کرتا ہے۔ مسلح ڈکیتی کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئیں لیکن پولیس تاحال ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی جس سے پولیس کی کارکردگی کا پول کُھل گیا۔
دکاندار کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود پولیس ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی اورملزم کُھلم کُھلا دندناتا پھر رہا ہے ، یہی وجہ ہے کہ وہ دوبارہ میری دکان میں گُھس کر واردات کر کے چلا گیا۔