پیپلز پارٹی کا پی ڈی ایم کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان
اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی ایم کے شوکاز نوٹس کو مسترد کر دیا اور تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
بلاول بھٹو نے شوکاز نوٹس جاری کرنے پر پی ڈی ایم سے مطالبہ کیا کہ وہ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے بلا مشروط معافی مانگے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف اپوزیشن کی سیاست کی مزاحمت کرتے ہیں۔سینٹ کی پانچ نشستیں پی ٹی آئی کو دی گئی تو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عزت اور برابری کے ساتھ سیاست کرنا جانتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
اے این پی کے ساتھ ہیں،حکومت کو آرام سے نہیں بیٹھنے دیں گے نہ ہی بیٹھنے دیا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ ہوتا کہ پارلیمان کے اندر اور باہر مل کر حکومت کی مخالفت کریں۔ یاد رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اورپاکستان پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس بھیجے گئے تھے جس کے بعد اے این پی نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
اے این پی کے قائم مقام صدر امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے نائب صدر کے عہدے سے استعفی دیتا ہوں، میاں افتخار بھی مزید پی ڈی ایم کے ترجمان نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت پیپلزپارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا معاملہ زیر بحث آیا۔ بلاول نے شرکا کو شاہد خاقان عباسی کا شوکاز نوٹس پڑھ کر سنایا اور پھر اسے پھاڑ کر پھینک دیا۔شوکاز نوٹس پھاڑے جانے پر سی ای سی کے شرکا کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لیے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔