لاہور کے مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات
لاہور : صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید احتجاج اور ٹریفک جام کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے اسکیم موڑ پر احتجاج کے باعث بدترین ٹریفک جام، بابو صابو اور ٹھوکر جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کے پیش نظر اب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔
دبئی چوک سے اسکیم موڑ جانے والے راستے کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ شہر میں موبائل سگنل بند ہونے کے باعث بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دبئی چوک سے اسکیم موڑ جانےوالا راستہ سیل ہونے کے باعث بھیکے والا اور ملحقہ علاقوں سے بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔
شہری ایک سڑک سے دوسری سڑک پر کُھلے راستے کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں جبکہ موبائل فون سروس بند ہونے کی وجہ سے کئی راستوں کے بند ہونے کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی ، یہی وجہ ہے کہ شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کر رہے ہیں۔
جبکہ اسکیم موڑ پر احتجاج کے باعث تاجروں نے کاروبار بھی بند کر رکھا ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پولیس اور رینجرز کو مذکورہ مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ لاہور میں تیسرے روز بھی انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔ذرائع کے مطابق شہر کے 150 سے زائد مقامات پر موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہے۔
ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کی جانب سے دھرنے اور سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلانے کے باعث انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی ہے۔انٹرنیٹ سروس یتیم خانہ چوک کے دس کلو میٹر کے اطراف میں معطل ہے۔شاہدرہ ،جیل روڈ ،بند روڈ ،مال روڈ ،بابو صابو ،شیراکوٹ، گلشن راوی اور سمن آباد کے علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی ہے۔