کورونا ویکسین کے لیے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع
اسلام آباد: کورونا ویکسین کے لیے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن آج سے شروع کر دی گئی ہے گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ کورونا ویکسین کے لیے منگل سے 40 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع کی جا رہی ہے.
انہوں نے کہا کہ 50 سے 60 سال کی عمر کے رجسٹرڈ افراد کو واک ان ویکسینیشن کی اجازت دے دی گئی ہے اورا اگر آپ کی عمر 40 سال یا اس سے زائد ہے تو ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کروائیں اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر کے جن ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ان کی نشاندہی کی جا رہی ہے ان ہسپتالوں میں گنجائش مزید زیادہ کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر وینٹی لیٹرز، آکسیجن سپلائی اور دیگر سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے.
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت 30 لاکھ کورونا ویکسین ڈوزز وصول کر چکی ہے اور جلد ہی مزید 20 لاکھ ڈوزز پہنچ جائیں گی جبکہ پرائیویٹ سیکٹرز بھی اب تک 60 ہزار ڈوزز درآمد کر چکے ہیں پاکستان پہلا ملک ہے جس نے پرائیویٹ سیکٹر کو ویکسین درآمد کرنے اور فروخت کرنے کی اجازت دی ہے.