ملک بھرمیں عید تعطیلات کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد : ملک بھرمیں عید تعطیلات کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے نئی گائیڈلائنز کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔این سی او سی کی ہدایت کے پیش نظر وزارت داخلہ نے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔گائیڈلائنز کے مطابق اعتکاف ،شب قدر ،جمعہ اور نماز عید میں ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔
8 مئی سے 16 مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔تمام سیاحتی مقامات، ہوٹلز اور پارکس بند رہیں گے۔پابندی عید کی چھٹیوں میں بھی لاگو رہے گی ۔بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ عید کی چھٹیوں میں بند رہے گی۔مری، گلیات، سوات، کلام، ساحل اور ناردرن ایریاز بند رہیں گے۔گلگت بلتستان میں رہنے والوں کو واپس جانے کی اجازت ہوگی۔
شاپنگ مالز بھی مکمل طور پر بند رہیں گے۔
عید کے دنوں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔دوسری جانب : پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا کی تیسری لہر کے وار جاری ہیں۔ کورونا وائرس سے 142 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 329 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 4 ہزار 939 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 487 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 93 ہزار 468، سندھ میں 2 لاکھ 79 ہزار 272، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 14 ہزار 661، بلوچستان میں 21 ہزار 803، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 272، اسلام آباد میں 73 ہزار 804 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 659 کیسز رپورٹ ہوئے۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں8 ہزار 97 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 605، خیبر پختونخوا 3 ہزار 156، اسلام آباد 670، گلگت بلتستان 105، بلوچستان میں 232 اور آزاد کشمیر میں 464 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جبکہ دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب 14 کروڑ 84 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 31 لاکھ 33 ہزار 637 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔