کئی روز بعد ملک میں کورونا سے ایک دن میں 100 سے کم اموات
اسلام آباد : پاکستان میں کئی روز بعد عالمی وباء کورونا وائرس سے ایک دن میں 100 سے کم اموات ہوئیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 79 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، جس کے بعد اب اس وباء سے جاں بحق ہونے والوں کی مصدقہ تعداد 18 ہزار 149 ہوگئی ، گزشتہ روز ملک میں 4 ہزار 213 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 9.16 فیصد رہی ، ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 87 ہزار 953 ہے، جن میں سے 5 ہزار 377 کی حالت تشویشناک ہے ، گزشتہ روز ملک بھر میں 5 ہزار 842 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 28 ہزار 44 ہوچکی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازی ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں عالمی وباء کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 45 ہزار 254 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ملک بھر میں مزید 4 ہزار 213 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ، جس کے ساتھ ہی ملک میں اب تک اس وباء سے متاثر ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 8 لاکھ 34 ہزار 146 ہوچکی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 6 ہزار 929 ہے ، صوبہ سندھ میں یہ تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 626 ہے ، جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار 64 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے ، صوبہ بلوچستان میں کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 22 ہزار 620 بتائی گئی ہے ، اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 76 ہزار 209 ، آزاد کشمیر میں 17 ہزار 371 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 327 افراد کورونا وائرس میں مبتلاء ہوچکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ایک دن میں کورونا وائرس سے مزید 79 افراد کا انتقال ہوا ، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 18149ہو چکی ہے ، صوبہ پنجاب میں کورونا نے مجموعی طور پر 8 ہزار 572 افراد کی زندگیوں کا خاتمہ کیا جو کہ پاکستان میں کسی بھی صوبے میں کورونا سے ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے ، اس کے علاوہ صوبہ سندھ میں 4 ہزار 667 افراد کورونا سے انتقال کرگئے ، جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد 3 ہزار 392 ہے ، صوبہ بلوچستان میں 237 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 691 افراد کورونا کی وجہ سے جان سے گئے ، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں اب تک 483 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔