جہانگیر ترین گروپ کا اعلان ہوتے ہی شاہ محمود قریشی کی ٹیم میدان میں آگئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے قومی اور پنجاب اسمبلی میں اپنے علیحدہ گروپ کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ٹیم میدان میں آگئی ہے۔

تحریک انصاف میں دو گروپ شروع سے ہی متحرک رہے ہیں جن میں سے ایک کی قیادت شاہ محمود قریشی کے پاس ہے جب کہ دوسرے گروپ کو جہانگیر ترین لیڈ کرتے ہیں۔ دونوں گروپوں میں پارٹی کے اندر اختیارات کیلئے رسہ کشی کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کا ایک مظاہرہ آج بھی دیکھنے میں آیا ہے۔

جہانگیر ترین گروپ نے قومی اور پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف سے ہٹ کر اپنے گروپ کا اعلان کیا تو شاہ محمود قریشی گروپ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگیا۔ ٹیم شاہ محمود قریشی کے نام سے چلنے والے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے "کپتان ہم آپ کے ساتھ ہیں” (#BehindYouSkipper)کے نام سے ہیش ٹیگ شروع کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین نے اپنے ہم خیال گروپ کے اراکین قومی و پنجاب اسمبلی کو عشائیے پر بلایا تھا جس میں طے کیا گیا کہ ہم خیال گروپ دونوں ایوانوں میں اپنی پاور شو کرے گا۔ جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایم این اے راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں جبکہ بھکر سے تعلق رکھنے والے سعید اکبر نوانی کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے