ملک بھر میں دوبارہ کورونا میں اضافہ ہو گا، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے خدشے کا اظہار کر دیا

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا پابندیوں میں نرمی کے حکومتی فیصلے کو باعثِ تشویش قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں معمولی کمی کے بعد مہلک وبا سے بچاؤ کے لیے لگائی گئی پابندیوں میں نرمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ وقت سے پہلے کیا ہے۔

حکومتی فیصلے سے کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔عیدالفطر کے بعد سے کورونا وائرس کی مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث سندھ اور کراچی میں صورت حال خراب ہو رہی ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو اسپتالوں میں وسائل کم پڑ جائیں گے۔

دوسری جانب کورونا کی تیسری لہر کے وار تاحال جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 102 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 89 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 461 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 70 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 32 ہزار، سندھ میں 3 لاکھ 4 ہزار 571، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 28 ہزار 561، بلوچستان میں 24 ہزار 318، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 454، اسلام آباد میں 80 ہزار 10 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 547 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 9 ہزار704افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار869، خیبرپختونخوا 3 ہزار875، اسلام آباد 741، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 270 اور آزاد کشمیر میں 523 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے