بیٹنگ کا جارحانہ انداز نہیں بدلوں گا، فخر زمان
لاہور: فخرزمان کا کہنا ہے کہ تکنیک پر کام ضرور کیا مگر جارحانہ انداز نہیں بدلوں گا۔
فخرزمان نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی مصروفیات کے دوران تکنیک اور مہارت پر کام کرنے کا موقع کم ہی ملتا ہے، اگر کچھ سیکھنے کی کوشش کرو بھی تو اگلے ہی روز میدان میں اترنا ہوتا ہے،آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں آرام دیا گیا تو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تکنیک بہتر بنائی۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ساتھی آفتاب خان اور کبیر خان گزشتہ 7 سال سے مجھے کھیلتا دیکھ رہے ہیں، ان کی معاونت اور رہنمائی سے بیٹنگ میں نکھارلانے کیلیے کام کیا، کافی بہتر محسوس کررہا ہوں، تکنیک بہتر ضرور بنائی لیکن اپنا انداز تبدیل نہیں کروں گا، اپنے مزاج کے مطابق جارحانہ بیٹنگ کرنے کی کوشش کروں گا، پرستاروں کی توقعات کا علم ہے، ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کیلیے پرعزم ہوں۔
اوپنر نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں آرام کرنے کی ضرورت تھی،گھٹنے کی انجری اور تکنیکی مسائل پر کام کرنا تھا،کسی ایک سیریز میں نہ کھیلنے سے انٹرنیشنل کرکٹرز کی فارم پر کوئی اثر نہیں پڑتا، انگلینڈ کیخلاف ون ڈے میچز میں بھی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، تازہ دم اور ورلڈکپ میں پرفارم کرنے کیلیے بیتاب ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں فخرزمان نے کہا کہ پاک بھارت میچ پر دنیا کی نگاہیں مرکوز ہوتی ہیں،ہمارے لیے بھی یہ مقابلہ اہم ہوگا، ورلڈکپ جیسے میگا ایونٹ میں بڑا میچ ہوتو توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں،ان پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے لیکن ہمیں ہر میچ بڑے جذبے کیساتھ کھیلنا اور بھرپور قوت کیساتھ تمام حریفوں سے ٹکرانا ہے، ٹیم کا ماحول بڑا اچھا اور کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پر جوش ہیں۔