سکول کی محبت نے جوڑے کو 22 سال بعد دوبارہ ملا دیا، شادی کرلی

لندن: آپ نے شاید فلم ’دی نوٹ بک‘ دیکھ رکھی ہو جس میں ہیرو اور ہیروئن کو سکول میں پیار ہو جاتا ہے تاہم وہ بوجوہ بچھڑ جاتے ہیںا ور پھر ادھیڑ عمری میں جا کر دوبارہ ملتے اور شادی کر لیتے ہیں۔ برطانیہ میں ایک ایسا حقیقی جوڑا سامنے آ گیا ہے جن کی محبت کی کہانی ہو بہو ’دی نوٹ‘ بک سے ملتی ہے۔

ڈیلی سٹار کے مطابق یہ جوڑا 42سالہ گریمی رچرڈسن اور اس کی نوبیاہتا 41سالہ ہیلن مارشل ہیں۔ گریمی اور ہیلن کی پہلی سکول میں ہوئی تھی اور دونوں کو پہلی نظر میں ہی ایک دوسرے سے محبت ہو گئی۔ دو سال تک دونوں دور سے ہی ایک دوسرے کو دیکھتے رہے اور بالآخر گریمی نے محبت کا اظہار کر ڈالا اور ہیلن کو انگوٹھی پہنا دی تاہم ان کی عمریں بہت کم تھیں، جس کی وجہ سے ان کے والدین نے انہیں شادی کی اجازت نہ دی۔

سکول ختم ہونے پربرطانوی شہرکمبریا کے رہائشی گریمی اور ہیلن الگ الگ کالجز میں چلے گئے اور ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئے۔ بچھڑنے کے 22سال بعد ان کی دوبارہ اسی سکول میں ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب دونوں کی شادیاں ہوئیں، بچے ہوئے اور انہوں نے اپنے بچوں کو اسی سکول میں داخل کروا دیا۔

دونوں نے سکول میں ایک بار پھر ایک دوسرے کو دیکھا اور لڑکپن کی محبت نے پھر سر اٹھا لیا۔ کچھ عرصہ بعد ان دونوں کی اپنے پارٹنرز کے ساتھ علیحدگی ہو گئی اور گریمی نے ایک بار پھر ہیلن کو شادی کی پیشکش کر دی اور اس کے ہاں کہنے پر ہیلن کو دوبارہ وہی انگوٹھی پہنائی جو اس نے سکول کے دنوں میں اسے پہنائی تھی۔

منگنی کے بعد دونوں گزشتہ دنوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ ہیلن نے بتایا کہ ”میں کبھی گریمی کو بھلا نہیں سکی تھی، اس نے مجھے جو انگوٹھی پہنائی تھی وہ میں نے آج تک سنبھال رکھی تھی اور اس نے اس بار بھی وہی انگوٹھی دوبارہ مجھے پہنائی۔ جب ہم 22سال بعد سکول میں دوبارہ ملے اور مجھے معلوم ہوا کہ گریمی بھی مجھے ابھی تک محبت کرتا ہے، تو مجھے ایسے لگا جیسے میری دنیا مجھے واپس مل گئی ہو۔ گریمی کے ساتھ شادی کے بعد مجھے احساس ہوا ہے کہ میری ذات اب جا کر مکمل ہوئی ہے۔“

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے