این سی او سی نے بڑی عید پر پابندیاں نہ لگانے کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بڑی عید پر پابندیاں نہ لگانے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد چیمبرز آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں یومیہ 20 ہزار ویکسین لگانے کی صلاحیت ہے ، ویکسین لگانے کی مہم تیزی سے چلائیں گے ، جتنی جلدی ویکسین کا عمل اوپر جائے گا پابندیاں اٹھائی جائیں گی کیوں کہ ہم چاہتے ہیں کہ بڑی عید پر کوئی پابندی نہ ہو اور سب مارکیٹیں کھلی ہوں جب کہ ابھی ہم نے تفریحی پارکوں کو بھی محدود تعداد کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے 4 اعشاریہ 8 فیصد جی ڈی پی گروتھ کی منظوری دے دی گئی، سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی آئندہ سال کیلئے دیگر اہداف کا جائزہ لے رہی ہے. اسد عمر نے کہا کہ ن لیگ کے آخری سال سے زائد ہماری جی ڈی پی گروتھ ہو گی، مدت پوری ہونے سے پہلے شرح نمو مسلم لیگ نون سے زیادہ ہو گئی ، سب پریشان ہیں اچانک سے معیشت میں گروتھ کیسے آ گئی، گروتھ اچانک نہیں ہوئی ،دو سال پہلے بتا دیا تھا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے ، ویکسی نیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسی نیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں، آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان بھی اپنی ویکسین کی کھیپ تیار کرنے میں کامیاب ہو گیا ، کین سائنو ویکسین نے سخت ترین کوالٹی ٹیسٹ پاس کرلیے ، ویکسین کی فارمولیشن اورپیکنگ چائنہ کے تعاون سے ممکن ہوئی ، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے قوم کو کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں حاصل کی گئی بڑی کامیابی کے حوالے سے خوشخبری سنائی تھی ، ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ تیار کر لی گئی ہے ، انہوں نے کین سائنو ویکسین کی فارمولیشن اورپیکنگ پر قومی ادارہ صحت کی ٹیم کومبارکباد بھی دی ۔