’’پاک ویک‘‘ متعارف کروا دی گئی،ایک لاکھ 18ہزار خوراکیں تیار
اسلام آباد : پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین’’پاک ویک‘‘ متعارف کروا دی گئی، پاک ویک کی ایک لاکھ 18ہزار خوراکوں کی پہلی کھیپ تیار کی گئی ہے، پہلے مرحلے میں ویکسین18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین’’پاک ویک‘‘ لانچ کر دی گئی ہے۔
پاکستان نے”پاک ویک“ ویکسین کی ایک لاکھ 18ہزار خوراکوں کی پہلی کھیپ تیار کرلی ہے، ویکسین کیلئے خام مال اور تیکنکی صلاحیت چین نے فراہم کی ہے،چینی ویکسین کین سائنو کو پاکستان میں پاک ویک کے نام سے متعارف کروایا گیا۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں پاک ویک ویکسین کو 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگانے کیلئے متعارف کروائی گئی ہے۔
اسی طرح ابتدائی طور پر پاک ویک کی30 لاکھ ڈوز تیار کی جائیں گی۔ مینوفیکچرنگ، پیکنگ اور میٹریل قومی ادارہ صحت میں تیارکیا گیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ چین پاکستان کا دوست ہے، کورونا ویکسی نیشن میں آگے آیا اور ضرورت میں مدد کی۔ مشکل کے بعد ہی آسانی ہوتی یے۔ موجودہ مشکل میں سے آسانیوں کے راستے بڑے واضع دکھائی دے رہے ہیں۔
خام مال سے ویکسین بنانے کیلئے کوالٹی ایشورنس اور معیار کو برقرار رکھنے کیلئے بڑی باریک بینی سے کوشش کرنا پڑتی ہے۔ ویکیسن کی مکمل پیداوار آئندہ چند سال میں پاکستان میں دستیاب ہوگی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ این سی اوسی نے ایمرجنسی میں اہم کام کیا، ہسپتالوں میں فوری بہتری لائی گئی۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا کیسزکی شرح 4 فیصد سے نیچے آگئی ہے، پنجاب میں 2 فیصد سے کم اور لاہور میں 1.6 فیصد ریکارڈ کی گئی، بلوچستان میں 5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.71 فیصد رہی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 47633 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ جس میں 1771 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔