فواد چوہدری نے ٹرین حادثے کا ذمہ دار خواجہ سعدرفیق کو قرار دے دیا

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹرین حادثے کا ذمہ دار خواجہ سعدرفیق کو قرار دے دیا ، انہوں نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کے گناہ پر اعظم سواتی استعفی دے دیں یہ بے تکی بات ہے ، پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، یہ لوگ اتنے سال حکمران رہے، کیا کرتے رہے؟۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر کیا کرسکتا ہے؟ وزیر خامیاں اور اس کا حل بتاتا ہے ، وزیر کی ہدایت پر عمل درآمد کے بعد حادثہ ہوگا تو وہ ذمہ دار بھی ہوگا ، خواجہ سعد رفیق کے گناہ پر اعظم سواتی استعفی دے دیں یہ بے تکی بات ہے ، کیوں کہ پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، یہ لوگ اتنے سال حکمران رہے، اس دوران کیا کرتے رہے؟ ایم ایل ون کا منصوبہ مکمل ہوگا تب ہی حادثات میں کمی آئے گی۔

یاد رہے کہ رات گئے صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں ریلوے اسٹیشن پر ملت ایکسپریس کی بوگیاں الٹ کر دوسرے ٹریک پر جا گریں اور مخالف سمت سے آنے والی سرسید ایکسپریس بوگیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین حادثہ رات 3 بج کر 45 منٹ کے قریب ہوا، ملت ایکسپریس حادثے کے فوری بعد سرسید ایکسپریس ٹریک پر گری بوگیوں سے جا ٹکرائی، ملت ایکسپریس کے ڈرائیور کو کمیونیکیشن سسٹم دستیاب ہے، سرسید ایکسپریس نے ولہار سٹیشن کو 3 بج کر 25 منٹ پر کراس کیا، ملت ایکسپریس نے ڈہرکی کو 3 بج کر 30 منٹ پر چھوڑا، ماچھی گوٹھ سے ڈہرکی تک ٹریک بوسیدہ اور مرمت کرنے والا ہے۔

ٹرین حادثے کے ایک زخمی مسافر نے بڑا انکشاف کیا کہ ملت ایکسپریس کا کلمپ پہلے سے ہی ٹوٹا ہوا تھا، جس کا ریلوے حکام کو علم تھا، اسی وجہ سے ٹرین لیٹ ہوئی اور کراچی کینٹ سٹیشن پر کھڑی رہی ، مرمت کے بعد ٹرین روانہ کی گئی، تاہم ڈہرکی کے قریب اتنا بڑا حادثہ پیش آ گیا ، محکمہ ریلوے کے مطابق گھوٹکی ٹرین حادثہ کے بعد ادھر سکھر حادثے کے بعد ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوں پر روک لیا گیا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے