نوجوان لڑکی نے دنیا بھر سے اپنے 63 بہن بھائی ڈھونڈ نکالے، حیران کن تفصیلات
نیو یارک : ہم جنس پرست جوڑے کے ہاں پیدا ہونے والی امریکہ میں رہنے والی ایک نوجوان لڑکی نے اپنے 63 بہن بھائی ڈھونڈ نکالے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 23 سالہ کیانی ایرویان ایک ہم جنس پرست جوڑے کے ہاں پیدا ہوئیں۔ وہ ہمیشہ ہی سوچتی تھیں کہ باقی بچوں کے ماں اور باپ ہیں لیکن ان کی دونوں ہی مائیں ہیں۔ جوں جوں کیانی بڑی ہوتی گئی اس کے ذہن میں سوالات بھی زیادہ ہوتے گئے۔
آخر کار اس کے سامنے یہ حقیقت آشکار ہوئی کہ وہ دراصل ایک سپرم ڈونر کے نطفے سے پیدا ہوئی ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے مشن بنالیا کہ وہ اپنے بہن بھائیوں کو ڈھونڈ نکالیں گے۔
جب کیانی 15 برس کی ہوئیں تو انہیں اپنے جڑواں بہن بھائی مل گئے، جس کے بعد ان کی خواہش اور زیادہ شدید ہوگئی۔ جب وہ 18 سال کی ہوئیں تو کیانی نے سپرم ڈونر بینک سے رابطہ کیا اور اپنے بہن بھائیوں کی تفصیلات حاصل کرنا شروع کردیں۔ اب کیانی 23 برس کی ہوچکی ہیں اور اپنے 63 بہن بھائیوں کو ڈھونڈ چکی ہیں۔
ایک ہی سپرم ڈونر کے نطفے سے پیدا ہونے والے 63 بچے امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مقیم ہیں۔ کیانی کا کہنا ہے کہ وہ کورونا کی وبا ختم ہونے کے بعد ایک بار پھر سے اپنے مشن کو شروع کریں گی۔