حمزہ شہباز کو نواز شریف نے ایک اہم کام سونپ رکھا ہے
لاہور : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صحافی و تجزیہ کار طاہر ملک نے کہا کہ حمزہ شہباز کو نواز شریف نے ایک اہم کام سونپ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو مرضی کر لیں ، مسلم لیگ ن نواز شریف کی ہی ہے۔ نواز شریف کی جانب سے حمزہ شہباز کو ایک ٹاسک سونپا گیا ہے کہ آپ نے چُپکے سے ، شور کیے بغیر اپنا کام کریں۔
طاہر ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر اس وقت دو گروپس موجود ہیں جن میں سے ایک تو ترین گروپ ہے اور دوسرا ہم خیال گروپ ہے۔ اس کے علاوہ کچھ اراکین اسمبلی ایسے بھی ہیں جو چاہ رہے ہیں کہ بجٹ میں کوئی نہ کوئی اپنی ویلیو لگائیں۔ انہوں نے بتایا کہ حمزہ شہباز اس وقت خاموشی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے پانچ ، پانچ ، چھ ، چھ لوگ رکھے ہوئے ہیں جو ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
اُن کو کہا گیا ہے کہ ہفتے میں کوئی ایسا رزلٹ لائیں کہ بجٹ کے دوران کوئی سرپرائز دے دیں۔ طاہر ملک نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
حمزہ شہباز کو نواز شریف نے کونسا اہم کام سونپا ہے؟ طاہر ملک کی بڑی خبر @tahirmalikpak @pmln_org @PTIofficial #KhabarHai #GNN pic.twitter.com/EvZe5FQhfO
— GNN (@gnnhdofficial) June 7, 2021
واضح رہے کہ ایک طرف جہاں اپوزیشن جماعتیں بالخصوص مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی میں موجود ہم خیال گروپ کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور بجٹ میں بڑا سرپرائز دینے کی اُمید کی جا رہی ہے وہیں دوسری جانب ترین گروپ واضح اعلان کر چکا ہے کہ پنجاب کے بجٹ کی منظوری میں بھر پور شرکت کی جائے گی۔
جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی اپنے حالیہ بیانات میں کہا کہ بجٹ پر جہانگیر ترین گروپ کے تمام ووٹ عمران خان کے حق میں پڑیں گے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 22-2021ء کا بجٹ11جون کو پیش کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال 22-2021ء کے بجٹ میں عوام پر مزید ٹیکس کا بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بجٹ کا کل حجم 8000 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا۔ بجٹ دستاویز کے مطابق معیشت کا حجم 52 ہزار 57 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔