تربیت یافتہ افراد کو روزگار کی فراہمی میں بھارت اور بنگلادیش بھی پاکستان سے پیچھے رہ گئے
اسلام آباد : کورونا وباء کے دوران وزیراعظم عمران خان کی ایک اور بڑی کامیابی، پاکستان خطے میں ورک فورس ایکسپورٹ کرنے والے ممالک میں سب سے آگے، لاکھوں پاکستانی روزگار کیلئے بیرون ملک روانہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی کوششوں اور کاوشوں کے باعث دو لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو ملازمتوں کیلئے بیرون ملک بھیجا گیا، جس کی وجہ سے پاکستان دیگر ممالک سے آگے ہے۔
پاکستان خطے میں ورک فورس ایکسپورٹ کرنے والے ممالک میں سب سے آگے ہے، وزارت اوورسیز پاکستان دو لاکھ24 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار دلانے میں کامیاب ہوگئی۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تربیت یافتہ افراد کو روزگار کی فراہمی میں بھارت اور بنگلادیش بھی پاکستان سے پیچھے رہ گئے، بنگلادیش 2 لاکھ 17 ہزار جبکہ بھارت 94 ہزار محنت کشوں کو بیرون ملک بھیج سکا۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران عائد کی گئی پابندیوں کے باوجود پاکستانی مزدوروں کی بڑی تعداد روزگار کیلئے بیرون ملک گئی، ورک فورس کی بیرون ملک روانگی میں زلفی بخاری نے اہم کردار ادا کیا۔زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کے سفیروں سے مسلسل رابطوں کے نتیجے میں ہمیں اہم کامیابی ملی، یہ کامیابی وزیراعظم کے1 کروڑ نوکریوں کے وعدے کی جانب اہم قدم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت اب تک 12 لاکھ سے زائد ورک فورس کو بیرون ملک بھجوا چکی ہے، اس طرح وزارت اوورسیز کی جانب سے ایک کروڑ ملازمتوں کے وعدے کو تقریباً 13 فیصد تک پورا کیا جاچکا ہے،زلفی بخاری بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات نے بھی ریکارڈ قائم کیا ہے، آنے والے دنوں میں حالات مزید سازگار کرنے کی کوشش کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دلانے کیلئے بھی قانون سازی کر رہے ہیں۔