کرسٹیانو رونالڈو کی وجہ سے کوکا کولا کو 4 ارب ڈالرز کا نقصان
پراگ : ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے مشہور شخصیات کا انتخاب کرتی ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ صارفین ان سلیبریٹیز کی وجہ سے ان کی مصنوعات کی جانب مائل ہوں گے لیکن اگر یہی مشہور شخصیات کسی پراڈکٹ کے خلاف کوئی پیغام جاری کردیں تو وہ اس کمپنی کے لیے مالی طور پر بڑا دھچکا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔
ایسا ہی کچھ دنیا کی مقبول سافٹ ڈرنک کمپنی کوکا کولا کے ساتھ ہوا جب پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میز پر رکھی کوکا کولا کی 2 بوتلیں ہٹا دیں۔ یورپی فٹ بال چیمپئن شپ میں 36 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے چیک ریپبلک کے دارلحکومت بوداپسٹ پریس کانفرنس کے دوران اپنے سامنے میز پر رکھی کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا کر ایک سائیڈ پر کر دیں اور پانی کی بوتل اٹھا کر پرتگالی زبان میں بولے ’ایگوا‘، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کو کوکا کولا کی بجائے پانی پینے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
Do NOT put Coca Cola in front of Cristiano Ronaldo 😠
This is absolutely brilliant 🤣 pic.twitter.com/bw9FYlTOI4
— Goal (@goal) June 15, 2021
رونالڈو کے اس عمل کے بعد کوکا کولا کے شیئرز غیرمعمولی حد تک گر گئے اور سافٹ ڈرنک کی مارکیٹ ویلیو 242 ارب ڈالر سے 238 ارب ڈالر پر چلی گئی۔ کوکا کولا کمپنی جو یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کو سپانسر کر رہی ہے، نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہر کسی کو اپنے ذائقے اور ضرورت کے مطابق اپنے لیے مشروب کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے‘۔ یوروز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’کھلاڑیوں کو پریس کانفرنس کے دوران پانی کے ساتھ ساتھ کوکا کولا اور کوکا کولا زیرو بھی پیش کی جاتی ہے‘۔