ویب سائٹ ڈیزائنر باپ نے بیٹے کا نام HTML رکھ دیا
منیلا: ماں باپ اپنے بچوں کے لیے خوبصورت نام تلاش کرتے ہیں لیکن فلپائن میں ایک فیملی میں اپنے بچوں کے ایسے انوکھے نام رکھنے کی حیران کن روایت چلی آ رہی ہے کہ سن کر آپ کی حیرت کی انتہاء نہ رہے گی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس فیملی کے لوگ اپنے بچوں کے نام اپنی پسندیدہ سبزیوں، کھانوں اور دیگر ایسی نوع کی چیزوں پر ہی رکھ دیتے ہیں۔ اس فیملی کے ایک آدمی نے حال ہی میں اپنے ہاں پیدا ہونے والے بیٹے کا نام اس لیے ایچ ٹی ایم ایل (Hypertext Mark-up Language Rayo Pascual)رکھ دیا کہ باپ خود ویب سائٹ ڈیزائنر تھا اور آپ جانتے ہیں کہ ایچ ٹی ایم ایل ویب سائٹ کوڈنگ کی ایک زبان ہے۔ یوں اس باپ نے اپنے پروفیشن کے لحاظ سے بیٹے کا نام رکھ دیا۔
خود اس آدمی (ایچ ٹی ایم ایل کا والد)کے ماں باپ نے اس کا اور اس کی بہن کا نام اپنے پسندیدہ کھانوں پر رکھا تھا۔ ایچ ٹی ایم ایل کے باپ کا نام میکرونی 85(Macaroni 85) اور اس کی بہن کا نام ’سپاگیٹی88‘ (Spaghetti 88)رکھا تھا۔ ان کے ناموں کے ساتھ لگایا گیا نمبر ان کی پیدائش کے سال کو ظاہر کرتا ہے۔
میکرونی نے اپنی فیملی کی اس روایت پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جس طرح میں نے اپنے بیٹے کا نام ایچ ٹی ایم ایل رکھا ہے، میری بہن سپاگیٹی88نے بھی اپنے دو بچوں کے نام ’چیز پمینٹو‘ (Cheese Pimiento) اور ’پرمیسن چیز‘ (Parmesan Cheese) رکھے ہیں۔ میری بہن یہ دونوں چیزیں بہت رغبت سے کھاتی ہے لہٰذااس نے ہمارے ماں باپ کی طرح اپنے بچوں کے یہی نام رکھ دیئے۔سپاگیٹی 88نے اپنے بھتیجے ایچ ٹی ایم ایل کی پیدائش کی خوشی میں فیس بک پر ایک پوسٹ کی جس میں بھتیجے کا نام بھی بتایا۔ یوں یہ معاملہ دنیا کی نظروں میں آیا اور جب میڈیا کے لوگ ان تک پہنچے تو عقدہ کھلا کہ ایسے عجیب و غریب نام رکھنا تو اس فیملی کی حیران کن روایت ہے۔