قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کمر کس لی
لاہور : قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی کے مابین ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کمر کس لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس میں اسپیکر پرویز الٰہی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی تقریر کے دوران ماحول پُرامن رکھنے کے لیے متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر پرویز الٰہی نے حمزہ شہباز کی تقریر کے دوران ایوان کا ماحول پُرامن رکھنے کے لیے مختلف حکومتی اور اپوزیشن بینچوں کے ارکان سے رابطے کیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی ارکان نے اسپیکر سے کہا کہ بجٹ اجلاس پر اپوزیشن کے احتجاج کا جواب دینا چاہتے ہیں جس پر اسپیکر نے اتحادیوں کو جواب دیا کہ بجٹ اجلاس میں اپوزیشن نے ایک حد تک احتجاج کیا ، جو ان کا حق تھا۔
ذرائع نے بتای کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب کے عوام اور پورے ملک کی نظریں اس وقت پنجاب اسمبلی کے اجلاس پر لگی ہیں، اسمبلی کی نئی عمارت میں تاریخ ساز بجٹ اجلاس میں ماحول خوشگوار رہنا چاہیئے، ہمیں آنے والے پارلیمنٹیرینز کے لیے اچھی روایات قائم کرنی چاہیئں۔ دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اپوزیشن ارکان کو بھی تند و تیز جملے کسنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی سرکاری اور اپوزیشن ارکان کو پرسکون رہنے پر مائل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی ہوئی اور اس دوران حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کے مابین ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور تلخ کلامی کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کی وجہ سے اسپیکر کو دو مرتبہ اجلاس کی کاروائی ملتوی کرنا پڑی۔ گذشتہ روز ایوان میں ، اپوزیشن رکن نے حکومتی ارکان کی جانب سینیٹائزر کی بوتل اچھال دی، سینیٹائزر کی بوتل حکومتی رکن اکرم چیمہ کو لگنے سے ان کی آنکھ زخمی ہوگئی۔