پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد آصف علی زرداری نے پنجاب پر نظریں جمالیں
لاہور : اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے علیحدگی کے بعد آصف علی زرداری نے پنجاب پر نظریں جمالیں ، سابق صدر پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مضبوط بنانے کے لیے سرگرم ہوگئے ، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت کے لیے جنوبی پنجاب کو ہدف بنالیا ، سابق صدر عام انتخابات سے قبل پنجاب پیپلز پارٹی کی تنظیم کو بھی عوامی سطح پر متحرک کریں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے کئی اہم سیاستدانوں سے رابطے بھی کیے گئے ہیں ، اس ضمن میں انہوں نے پی پی رہنماء سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کو جنوبی پنجاب میں پارٹی کو متحرک کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں ، اس مقصد کے لیے مخدوم احمد محمود کو حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سے مایوس جنوبی پنجاب کے لوگوں سے رابطوں کا کہا گیا ہے ، اس کے علاوہ آصف علی زرداری کے جنوبی پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے اہم سیاستدانوں سے بھی رابطے ہوئے ہیں ، رابطوں میں آصف علی زرداری کو سیاستدانوں کی جانب سے مثبت جواب دیا گیا۔
ذرائع کہتے ہیں کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سے ناراض جہانگیر ترین گروپ کے کئی اہم رہنما بھی اس وقت سابق صدر و شریک چیئرمین پیپلزپارٹی سے رابطوں میں ہیں اور ملک میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات سے قبل جہانگیر ترین گروپ کی بھی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت متوقع ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب میں متحرک کرنے کے لیے آصف زرداری نے ماضی کی حلیف جماعتوں سے رابطے بھی کیے ہیں ،
آصف علی زرداری ملک سیاست میں متحرک مختلف اہم شخصیات سے بھی رابطے میں ہیں ، پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق قاسم ضیاء کو پنجاب میں اہم ذمےداری دئیے جانے کا بھی امکان ہے ، جب کہ آصف علی زرداری دورہ لاہور میں اپنا طبی معائنہ بھی کرائیں گے اس کے علاوہ وہ پیپلز پارٹی پنجاب کے مختلف اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔