جوہرٹاؤن دھماکا، گاڑی میں آںے والے شخص نے ہم سے پانی مانگا
لاہور : گذشتہ روز جوہر ٹاؤن میں بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے دو افراد جاں بحق جب کہ تین زخمی ہو گئے۔زخمی خاتون کو ایک دن کے لیے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔دھماکے میں صفیہ بی بی کا شوہر اور بیٹا اسپتال میں دم توڑ گئے جبکہ دو بیٹے زخمی ہوئے جوکہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔گذشتہ روز دھماکا صفیہ بی بی کے گھر کے باہر ہوا تھا۔
ان کے شوہر عبدالخالق اور چھ سالہ بیٹے جاں بحق ہو گئے تھے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق صفیہ بی بی کو شوہر اور بیٹے کے کفن دفن کے لیے عارضی طور پر ڈسچارج کر دیا گیا۔صفیہ بی بی کا کہنا ہے کہ کالی گاڑی میں سوار آدمی ہمارے گھر کے باہر آیا اور ہم سے پانی مانگا۔گاڑی خراب ہونے کا بہانہ بنا کر واپس چلا گیا اور تقریباَ 15 منٹ بعد گھر کے باہر دھماکا ہوا۔
۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا بڑا بیٹا نامعلوم شخص کی شناخت کر سکتا ہے۔علاوہ ازیں جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکے میں ممکنہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی بابو صابو انٹر چینج سے لاہور شہر میں داخل ہوئی ، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے گاڑی کے داخلے کی فوٹیج حاصل کرلی ، جس کے تحت گاڑی بدھ کی صبح 9 بج کر 40 منٹ کے قریب داخل ہوئی ، جہاں بابو صابو ناکے پر اس گاڑی کی باقاعدہ چیکنگ بھی کی گئی ، گاڑی کے پولیس چیکنگ کے باوجود دھماکے میں استعمال ہونے پر سوالیہ نشانات کھڑے ہوگئے۔
، جب کہ جوہر ٹاؤن دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ، دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی عابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا ، جس میں قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے ای بلاک جوہر ٹاؤن میں کارروائی کے لیے گاڑی کا استعمال کیا ، دھماکے سے گہرا گڑھا پڑگیا اور ارد گرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے۔