ٹک ٹاک اور نیشنل بینک صدر سے متعلق عدالتی فیصلے پڑھ کر سر چکرا گیا

اسلام آباد : وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ٹک ٹاک اور نیشنل بینک صدر کے فیصلے پڑھ کر میرا سر چکرا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ عدالتی اصلاحات نہ کی گئیں تو ملک اقتصادی بحران سے کبھی باہر نہیں نکل سکے گا کل سےٹک ٹاک کو بین کرنے اور نیشنل بینک کے صدر کو ہٹانے کے فیصلے پڑہ کر سر چکرا گیا ہے کہ ہماری عدالتیں کیا کر رہی ہیں ؟ پہلے ہی یہ ملک ایسے جوڈیشل ایکٹوازم کے ہاتھوں اربوں ڈالر کے نقصانات برداشت کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے صدر نیشنل بینک عارف عثمانی اور چیئرمین نیشنل بینک زبیر سومرو کو نااہلی قرار دیتے ہوئے فوری عہدے سے ہٹٓانے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ صدر نیشنل بینک اور چیرمین نیشنل بینک اپنے عہدوں کے اہل نہیں لہٰذا دونوں فوری طور پر اپنے اپنے عہدے چھوڑ کر گھر جائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پہلے سے محفوظ فیصلہ سنایا ، جب کہ عدالت میں عارف عثمانی کی بطور صدر نیشنل بینک تعیناتی کے 12جنوری 2019؂ء کے نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا گیا ،
جس میں پٹشنرنے کہا کہ عارف عثمانی کی تعیناتی شفافیت کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہوئی، عارف عثمانی کی تعیناتی رولز اور ایس ای سی پی قوانین کی خلاف ورزی ہے کیوں کہ رولز کے مطابق اس پوسٹ پر تعینات ہونے والے کیلئے فٹ اور پراپر ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہے ، مذکورہ درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین بورڈ زبیر سومرو اور صدر نیشنل بینک عارف عثمانی کے خلاف درخواستوں پر فریقین کو سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرتے ہوئے ایپلی کیشن کو فوری طور پر ‏معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے بھی ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی تھی تاہم بعد میں یہ پابندی ہٹادی تھی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے