انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو ہراکر ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی

ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں کھیلے جارہے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 341 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور جیمس ونسی نے کیا، دونوں اوپنرز نے 94 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ونسی 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پہلے وکٹ گرنے کے بعد جیسن رائے اور جوئے روٹ نے جارحانہ کھیل پیش کیا، جیسن رائے نے سنچری اسکور کی تاہم وہ 201 کے مجموعی اسکور پر 114 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد جوز بٹلر اور معین علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
216 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد جوئے ڈینلی اور بین اسٹوکس نے اسکور آگے بڑھانے کی کوشش تاہم 258 کے مجموعی اسکور پر جنید خان نے جوئے ڈینلی کا شاندار کیچ پکڑ کر انہیں پویلین کی راہ دکھائی جس کے بعد بین اسٹوکس اور ٹم کورین نے 61 رنز کی شراکت قائم کی، بین اسٹوکس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت میچ پاکستان کی گرفت سے باہر نکل گیا اور آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر انگلینڈ نے ہدف پورا کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور محمد حسنین نے 2، 2 جب کہ جنید خان، شعیب ملک اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا تاہم امام الحق صرف 3 رنز بنانے کے بعد کہنی میں گیند لگنے کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔

فخر زمان اور بابر اعظم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم فخرزمان 50 گیندوں پر 57 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بابراعظم اور محمد حفیظ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم محمد حفیظ 220 کے مجموعی اسکور پر 59 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ بابر اعظم نے اپنی سنچری اسکور کی اور 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 41 رنز بنائے تاہم وہ اپنا بلا خود ہی وکٹ میں مار بیٹھے اور ہٹ وکٹ کا شکار ہونے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، آصف علی نے 17 اور اماد وسیم نے صرف 12 رنز بنائے جب کہ کپتان سرفراز احمد آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے، انہوں نے 14 گیندوں پر 21 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بناسکی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے