اسلام آباد میں کورونا وبا میں ایک بار پھر اضافہ
اسلام آباد : اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح پانچ فیصد تک پہنچنے پر کئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں انہیں سیل کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کے مطابق قربان ٹاؤن کھنہ پل کی گلی نمبر 13، سیکٹر جی الیون اور سیکٹر ایف سکس تھری کی مخصوص گلیوں کو سیل کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد کے جی سیون ٹو اور سواں گارڈن ایچ بلاک کو آج صبح نو بجے بند کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس سے 15 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 597 ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 75 ہزار 92 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 808 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 48 ہزار 309، سندھ میں 3 لاکھ 47 ہزار 478، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 463، بلوچستان میں 27 ہزار 994، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 904، اسلام آباد میں 83 ہزار 764 جبکہ آزاد کشمیر میں 21 ہزار 180 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 51 لاکھ 3 ہزار 802 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 15 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 13 ہزار 873 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 162 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں ویکسین کا عمل بھی جاری ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہئیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔