آزاد کشمیر میں پاک فوج کے جوانوں کی اکثریت نے مجھے سلیوٹ کیا

آزاد کشمیر : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آج وادی لیپہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج کے سپاہیوں سے محبت کا خاص اظہار کیا اور کہا کہ جب میں نیلم ویلی اور لیپہ ویلی میں داخل ہوئی تو جگہ جگہ مجھے پاک فوج کے جوان نظر آئے جو دشمن سے ہماری حفاظت کرتے ہیں۔

میرا ایک بیٹا ہے جس کا نام محمد جنید ہے، اور یہاں پر پاک فوج کی وردی میں ملبوس ہر جوان میں مجھے اپنا بیٹا نظر آیا۔یہاں پر فون کے سگنل بھی نہیں آتے اور پاک فوج کے جوان اپنے گھروں سے دور وطن کی حفاظت کے لیے ڈیوٹی کر رہے ہیں۔وردی میں ملبوس پاک فوج کے جوانوں پر بہت پیار آیا۔میں نے بھی اُن کو سلام کیا اور ان کی اکثریت نے مجھے سلیوٹ کیا۔

مجھے یہ بھی خیال آیا کہ یہ جوان گھروں سے دور یہاں پہرے دے رہے ہیں لیکن عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے جو مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے اس سے ان کے گھر والے بھی متاثر ہوئے ہوں گے۔یہاں پر ہمارے جوان جان ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹی کر رہے ہیں لیکن فوجیوں بھائیوں کی تنخواہیں آخری بار نواز شریف کے دور میں بڑھی تھیں۔پاک فوج کا جب بھی بجٹ بڑھا نواز شریف کے دور میں بڑھا لیکن ان کے خلاف پراپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ وہ پاک فوج کے خلاف ہیں۔

جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ کشمیر کے باسیوں کا رزق وفاق کے ہاتھ میں نہیں بلکہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ اگر آپ کو بجٹ ملتا ہے تو وہ کوئی بھیک نہیں ہے بلکہ کشمیریوں کا حق ہے، کشمیریوں سے کوئی ان کا حق چھین لے اور نواز شریف اور مریم نواز بیٹھ کر دیکھتے رہیں یہ نہیں ہوسکتا۔ مریم نواز نے کہا کہ کچھ لوگ ذاتی مفاد کے لیے نواز شریف کے خلاف پراپیگنڈہ کرتے ہیں۔

نوازشریف حب الوطن ہیں اور وہ اس دھرتی کا بیٹا ہے۔ سابق وزیر اعظم نے جن پر تنقید کی اس کو کسی ادارے پر تنقید کا نام نہ لیا جائے، اس لیے ان لوگوں نے جو کام کیا اس کا نقصان نہ صرف پاکستان اور کشمیر کو ہوا بلکہ ادارے بھی متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ لیپہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران عوام کا جذبہ بتارہا ہے کہ کشمیر میں پھر شیر آرہا ہے، ووٹ چور یہاں پر نظر لگا کر بیٹھا ہے،

عمران خان نوازشریف کا مقابلہ نہیں کرسکتے، 3 سال بعد بھی نواز شریف کو ہرانے کے لئے دھاندلی کرنا پڑتی ہے، عمران خان آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ چوری کی سیٹیں نکلوانا شیروں کو آ گیا ہے، آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حالت پتلی نظر آتی ہے، انتخابات کے لیے ریاستی وسائل استعمال کیے جارہے ہیں ،عمران خان کے وزرا پیسے بانٹتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، عمران خان کو کشمیر میں آکر اپنا وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے