میجرعزیز بھٹی شہید کے ساتھ ملالہ کی تصویر، مطالعہ پاکستان کی کتاب کا تمام اسٹاک مارکیٹ سے اٹھا لیا گیا
لاہور: پنجاب میں مطالعہ پاکستان کی کتاب کا تمام اسٹاک مارکیٹ سے اٹھا لیا گیا۔ترجمان پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کا کہنا ہے کہ مطالعہ پاکستان کی کتاب این او سی کے بغیر چھاپی گئی ہے اور نجی پبلشر کے خلاف کارروائی ملالہ کی تصویر سے متعلق نہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی کتاب میں اہم شخصیات کے ساتھ ملالہ کی تصویر بھی شائع کی گئی تھیں۔
بتایا گیا کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے کتاب میں میجرعزیز بھٹی شہید کے ساتھ ملالہ کی تصویر لگانے پر کاروائی کی ہے۔ غیرملکی پبلشر نے7 ویں جماعت کی کتاب میں میجرعزیز بھٹی کی تصویر کے ساتھ ملالہ یوسف زئی کی تصویر چھاپی تھی۔جس پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے آکسفورڈ سوشل سٹڈیز کی کتابوں کا سارا سٹاک قبضے میں لے لیا ہے۔
پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے اہلکاروں نے اردو بازار سمیت دیگر مقامات پر چھاپے مار کر کتابوں کا سٹاک قبضے میں لیا ہے، پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے بغیر اجازت ملالہ یوسفزئی کی تصویر چھاپنے پر انکوائری کا بھی آغاز کردیا ہے۔
انکوائری کی جائے گی کہ کس کے کہنے پر اور کیوں ملالہ یوسفزئی کی تصویر چھاپی گئی؟ واضح رہے ملالہ یوسفزئی کی شخصیت پاکستان کے مختلف حلقوں میں کافی متنازع ہے، ان کے حالیہ انٹرویو میں شادی سے متعلق بیان دینے پر انہیں بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ نے ووگ میگزین کو حال ہی میں انٹرویو دیا تھا۔
ملالہ یوسف زئی نے انٹرویو میں ان کہی باتوں پر کھل کر گفتگو کی تھی اور انہوں نے شادی سے متعلق بھی کہا تھا کہ اگر کسی شخص کو دوسرے شخص کا ساتھ چاہیے تو اس کے لازمی نہیں ہے کہ شادی کے کاغذات پر دستخط کیے جائیں۔ اس کے برعکس نشان حیدر کا اعلیٰ اعزاز پانے والے میجر عزیز بھٹی شہید ملک وقوم کا فخر ہیں،
انہوں نے 1965 کی جنگ میں ازلی دشمن بھارت کی فوج کو منہ توڑ جواب دیا اور جام شہادت نوش کیا۔ پاکستانی قوم آج بھی ان کی بہادری وشجاعت اور پاکستان کیلئے اپنی جان قربان کرنے پر خراج عقیدت اور فخر کرتی ہے۔