شہباز شریف نے پارٹی صدارت چھوڑنے کی دھمکی دے دی
اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی صدارت چھوڑنے کی دھمکی دے دی ۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات میں حکمت عملی نظر انداز کرنے پر شہباز شریف سخت ناراض ہو گئے ہیں۔انہوں نے پارٹی کی صدارت کا عہدہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی ہے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع نے از خود ان افواہوں کی تردید یا تصدیق کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی،سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے روکنے پر فی الحال شہبازشریف خاموش ہیں۔
حمزہ شہباز نے شہباز شریف کو معاملہ نواز شریف کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں شکست کے بعد مریم نواز اب کم از کم ایک سال تک خاموش رہیں گی۔
ن لیگ میں دراڑ کے حوالے سے جب پارٹی چئیرمین راجہ ظفر الحق اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال،ترجمان مریم اورنگزیب اور عطاء اللہ تارڑ سے رابطہ کیا گیا تو چاروں میں سے کسی نے فون ریسیو نہیں کیا۔
قبل ازیں آزادکشمیر الیکشن میں مسلم لیگ ن کی شکست کے معاملے پر شہبازشریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے دھاندلی کے ٹھوس شواہد مانگے اور کہا کہ ٹھوس شواہد کے بغیراحتجاج اور دھرنے کی طرف جانا بے کار ہوگا۔
ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا ٹیلی فونک رابط ہو ، جس میں آزاد کشمیر الیکشن میں پارٹی کی شکست کی وجوہات پرتبادلہ خیال کیا گیا ، اس دوران دھاندلی سمیت پارٹی پالیسی اوربیانیے پربھی بات چیت کی گئی اور آزاد کشمیر حکومت کی کارکردگی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا اس حوالے سے بھی جلد شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی کااہم اجلاس بھی متوقع ہے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج کو مسترد کرکے قومی بین الاقوامی سطح پر تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا،ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈمی وزیراعظم لاکر صوبہ بنانے کو کشمیری عوام قبول نہیں کریں گے ،
پی ٹی آئی کو پیسے اور فراڈ کا ووٹ ملا جو کشمیر کی سیاسی روایات پر حملہ ہے، مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور راجا فاروق حیدر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔