نذیر چوہان کا جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان
لاہور :: پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جیل سے رہائی کے بعد وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترین گروپ سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے ، کیوں کہ جہانگیر ترین نے مجھے صرف استعمال کیا ، مشکل وقت میں جہانگیر ترین نے فون کال تک نہیں کی جب کہ میں جہانگیر ترین کی ہر پیشی پر گیا ، لوگوں کی منافقت اور کئی چھپے چہرے سامنے آگئے ، مجھے استعمال کرنے پر جہانگیر ترین کو شرم آنی چاہیئے۔
پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جہانگیر ترین کو لیڈر مانا لیکن وہ اس قابل نہیں ، میرا لیڈر صرف عمران خان ہے ، میں وزیراعظم عمران خان سے بھی معذرت خواہ ہوں ، جب انسان کو اپنی غلطی کا احساس ہو جائے تو سافٹ ویئر خود ہی اپڈیٹ ہوجاتا ہے۔
اس موقع پر وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی ائی میں صرف ایک ہی دھڑا ہے اور وہ عمران خان ہے ، جوبھی عمران خان کے ساتھ ہے وہ پارٹی میں ہے ، برے وقت میں جب کوئی ساتھ نہ دے تو وہ پوری زندگی نہیں بھولتا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو ضمانت کی منظوری کے بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے ، لاہور کی مقامی عدالت کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر نذیر چوہان کے روبکار جاری کیے گئے اور سپرینٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر نے روبکار کی جانچ پڑتال کے بعد نذیر چوہان کی رہائی کا حکم دیا۔ قبل ازیں رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کی سائبر کرائم کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج راشد پھلروان نے سماعت کی جہاں شہزاد اکبر نے بیان ریکارڈ کروانے کے لیے اپنے نمائندے ایڈووکیٹ ہارون الیاس اور فرحان اقبال کو مقرر کیا ، دونوں وکلا نے شہزاد اکبر کہ جگہ بیان ریکارڈ کروائے۔
شہزاد اکبر کے نمائندے نے عدالت میں بیان دیا کہ شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کو معاف کر دیا ہے اور انہیں رکن پنجاب اسمبلی کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہے ، جس کے بعد عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض نذیر چوہان کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا ، نذیر چوہان کے بیٹے سعد چوہان نے ان کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے جو ایڈیشنل سیشن جج راشد پھلروان نے جانچ پڑتال کے بعد منظور کر لیے اور نذیر چوہان کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی۔