سندھ کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ، سعید غنی اور ناصر شاہ بھی نہ بچ پائے
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کردی۔ کئی وزرا کی چھٹی اور نئے لوگوں کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔کابینہ میں ردو بدل کے فیصلے سے وزیر تعلیم سعید غنی اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ بھی محفوظ نہ رہ سکے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں پانچ گھنٹے تک اہم ترین اجلاس جاری رہا جس میں کابینہ کے سبکدوش اور نئے شامل ہونے والے وزیروں، مشیروں نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔
نثار کھوڑو، سہیل انور سیال، اسماعیل راہو اور ہری رام کشوری سے وزارتیں واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سعید غنی اور ناصر شاہ سے ایک ایک وزارت واپس لے لی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے خوابوں کے شہنشاہ منظور وسان کو کابینہ میں نئی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیاقت آسکانی، ساجد جوکھیو، ضیا عباس شاہ اور ریاض حسین شیرازی کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔