یواے ای نے پاکستانی مسافروں پر ایک اور پابندی عائد کردی

دبئی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر کئے جانے والے کووڈ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر آنے والے پاکستانی مسافروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اس سے قبل پاکستانی مسافر صرف ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کے ساتھ ایئرعربیہ کے ذریعے شارجہ اور العین میں داخل ہو سکتے تھے۔ اب ہائی رسک ممالک سے آنے والے مسافر، جن میں پاکستانی مسافر بھی شامل ہیں، صرف ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کے ساتھ ہی خلیجی ریاست میں داخل ہو سکیں گے۔

یہ بھی ضروری قرار دیا گیا ہے کہ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ روانگی سے چار گھنٹے قبل کے وقفے کے دوران ایئرپورٹ کی عمارت کے اندر ہی کیا گیا ہو۔ ایئرپورٹ کی عمارت کے اندر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کی وجہ سے امارات اور دیگر فضائی کمپنیوں نے سینکڑوں مسافروں کو سفر سے روک دیا ہے۔ جن مسافروں کا تعلق ہائی رسک ممالک سے نہیں ہے وہ روانگی سے 48 گھنٹے قبل تک مذکورہ بالا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں، تاہم انہیں بھی یو اے ای میں 14 روز سے زائد قیام کی اجازت نہیں ہو گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جمعہ کے روز پاکستانی ہوابازی کے ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان میں ہوائی اڈوں پر پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دستیاب نہیں لہٰذا فضائی مسافروں کے لئے صرف ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کا طریقہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے