برطانوی خاتون نے اپنے بھائی کے قاتل کیساتھ شادی کرلی لیکن کیوں؟
لندن: برطانیہ میں ایک خاتون نے اپنے بھائی کے قاتل کے ساتھ بیاہ رچا لیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 57سالہ جان ٹیڈجین نامی مجرم پر 1989ءمیں بریان مک گیری کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور اس کی پستول پر مقتول کا خون بھی مل گیا تھا اور بریان کی کچھ چیزیں بھی اس سے برآمد ہو گئی تھیں۔ ان ثبوتوں کی بنیاد پر اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس نے بریان کو قتل کرنے کے جرم میں 32سال کی جیل کاٹی۔
دوران قید جان نے بریان کی سوتیلی بہن کرسٹل سٹریئس کے ساتھ خط کے ذریعے رابطہ کیا اور اسے لکھا کہ وہ بے گناہ ہے اور اس نے بریان کو قتل نہیں کیا۔ جان مقدمے کی سماعت اور قید کے دوران مسلسل صحت جرم سے انکار کرتا رہا اور اب پیرول پر رہائی کے بعد بھی اس کا کہنا ہے کہ اس نے بریان کو قتل نہیں کیا تھا۔ دوسری طرف پولیس کوبھی اب کچھ ایسے شواہد ہاتھ لگے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ قتل بریان نے نہیں کیا تھا۔
جب حالیہ مہینوں میں اس بات کے کچھ شواہد سامنے آئے کہ جان نے بریان کو قتل نہیں کیا تھا، تو کرسٹل اور جان کے درمیان خط و کتابت تو پہلے سے جاری تھی، چنانچہ کرسٹل نے اسے ایک خط لکھا جس میں اس نے جان سے معافی مانگی کہ ان کی وجہ سے اسے ناحق اتنی طویل قید کاٹنی پڑی۔ اس معافی نامے کے بعد جان اور کرسٹل ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو گئے اور گزشتہ ماہ جان کی رہائی کے بعد دونوں جان کے گھر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔