’طالبان کی باتوں پر یقین نہیں‘ امریکہ نے شکوک و شبہات کا اظہار کردیا
واشنگٹن: امریکہ کی جانب سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ طالبان کی باتوں پر یقین نہیں ‘ جو کہہ وہ رہے ہیں اس پر عمل کب ہوتا ہے یہ دیکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ طالبان شدت پسند تحریکوں سے دور رہیں اور خواتین کے حقوق کا تحفظ کریں ، اگر طالبان کہتے ہیں کہ وہ شہریوں کے حقوق کا خیال رکھیں گے تو امید ہے کہ وہ اس پر ثابت قدم رہیں گے اور امید ہے طالبان انسانی حقوق سے متعلق نئے وعدوں کی پاسداری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اقتدار کی باضابطہ منتقلی تاحال نہیں ہوئی ، امریکہ افغانستان میں اقتدار کی باضابطہ منتقلی پر عالمی برادری کے ساتھ کام کر رہا ہے ، اسی طرح امریکہ نے کابل سے سفارت خانے کے اہلکاروں کی واپسی بھی مکمل کرلی ہے اور باقی سفارتی عملہ امریکی شہریوں اور افغان اتحادیوں کے انخلاء میں مدد کر رہا ہے۔