جنوبی وزیرستان ؛ فوجی چوکی پر فائرنگ ، نائب صوبیدار شہید ، ایک دہشتگرد جہنم واصل
راولپنڈی:: جنوبی وزیرستان میں فوجی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں نائب صوبیدار شہید ہوگئے ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو واصل جہنم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی جانب سے فوجی چوکی پر فائرنگ کی گئی ، فائرنگ کا یہ واقعہ 17 اور 18 اگست کی درمیانی شب ہوا ، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار سونے زئی شہید ہوگئے جب کہ اس دوران ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار سونے زئی کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا ، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں ، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔