کابل میں پاکستانی سفارتخانہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا
اسلام آباد : کابل میں پاکستانی سفارتخانہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا، حکومت پاکستان نے پاکستانی شہریوں سمیت غیر ملکیوں کو 4ہزار سے زائد ویزے جاری کر دئیے، عالمی رہنما پاکستان کے معترف۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ 4ہزار افراد کو ویز ے جاری کرچکاہے۔
اسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے کردار کو دنیابھرمیں سراہاجارہاہے۔عالمی رہنما پاکستان کے معترف ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کی قومی ایئرلائن اب تک سفارتکاروں اور عالمی نمائندوں سمیت ایک ہزار 400 افراد کو پاکستان لا چکی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے خطے اوردیگر ممالک کے ساتھ کام کررہے ہیں، افغانستان میں امن عمل کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ادھر افغانستان میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے کہا ہےکہ وہ پاکستانیوں سمیت تمام غیرملکیوں کو افغانستان سے نکالنے کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں،افغانستان سے جانے والوں کو تمام ممکن سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔منصور احمد خان نے کہا کہ افغان اور ترک شہریوں سمیت مزید200افراد کو آج روانہ کیا جائےگا۔
افغانستان میں پاکستانی سفارتخانہ مکمل طور پر فعال ہے ،پاکستانیوں کی بیشتر تعداد وطن واپس جاچکی ہے۔یاد رہے کہ افغانستان کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر اس وقت بھی 5 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں جب کہ ایک ہزار کے قریب برطانوی اہلکار بھی موجود ہیں جن کی مدد سے 5 دنوں میں 18 ہزار افراد کا انخلا مکمل کرلیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے نے امریکی سیکرٹری ڈیفنس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں اب بھی 5 ہزار 800 امریکی فوجی تعینات ہیں۔
یہ اہلکار کابل میں حامد کرزئی ایئرپورٹ سے امریکی فوجیوں کی مدد کرنے والے افغان شہریوں کی امریکا بحفاظت روانگی کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں۔اسی طرح کابل کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر برطانیہ کے بھی 900 سے زائد اہلکار تعینات ہیں جو جنگ کے دوران برطانوی فوج کے لیے مترجم اور معاونت کے فرائض انجام دینے والے افغان شہریوں کی برطانیہ روانگی کی نگرانی کریں گے۔