بھارت میں ایک بار پھر جوہری مواد چوری ، پاکستان کا تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد : بھارت میں ایک بار پھر جوہری مواد چوری ہونے پر پاکستان نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت میں جوہری مواد کی چوری کے نئے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے
اس ضمن میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا کہ بھارت میں انتہائی زہریلا مادہ کیلیفورنیم رکھنے پر 2 افراد گرفتار ہوئے ، ہر بار ایسے واقعات سے بھارت میں ایٹمی و تابکار مادوں کی سیکیورٹی پر سوال کھڑا ہو گیا ہے ، کیوں کہ بھارت میں پہلے بھی تابکاری مواد کچھ افراد کے قبضے سے برآمد ہوا ، یہ بھارت میں تابکاری مواد کی چوری کا چار ماہ میں تیسرا واقعہ ہے ، گزشتہ واقعات میں گرفتار افراد نے مواد بھارت سے ہی خریدا ، پاکستان کو ایسے واقعات پر سنجیدہ تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں ملزمان سے مئی اور جون میں سات اور چھ کلو یورینیم پکڑا گیا تھا ، جس کی وجہ سے بھارت میں ایسے مواد کےلیے متوقع بلیک مارکیٹ ہونے کا تاثر بڑھا ہے ، کیلیفورنیم سخت تابکاری اثرات رکھنے والا زہریلا مواد ہے ، اس لیے کیلیفورنیم کی بھارت میں چوری کے واقعات سخت تشویش کا باعث ہیں ، اسی لیے پاکستان ایک بار پھر بھارت میں تابکاری مواد کی چوری کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے اربوں روپے مالیت کا تابکاری مواد برآمد ہوا ، جو انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے خریدنے کا انکشاف کیا ، ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے 4 تابکاری مواد کے ٹکڑوں میں سے ایک پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ کیلیفورنیم ہے جو کہ انتہائی قیمتی بھی مانا جاتا ہے کیوں کہ کیلیفورنیم کے ایک گرام کی قیمت عالمی مارکیٹ میں تقریباً 170 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے