لیگی رہنما نے نوازشریف کا ملک میں آنا ضروری قرار دے دیا
لاہور؛ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا ملک میں آنا ضروری قرار دے دیا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو شاید پی ڈی ایم سے علحیدگی کے کچھ فوائد حاصل ہوئے ہیں،عمران خان کے پاس جو چوسنی ہے وہ ہمارے پاس نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے نوازشریف کا جلد از جلد پاکستان میں ہونا ضروری ہے۔
نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے ہی مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف رواں سال واپس آ رہے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف وطن واپس آکر پھر قوم کی قیادت کریں گے اور پاکستان کو بحران سے نکالیں گے۔
گذشتہ ماہ بھی جاوید لطیف نے دعویٰ کیاتھا کہ نوازشریف اسی سال وطن واپس آئیں گے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نوازشریف کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اسی سال اپنی مرضی سے واپس آئیں گے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویزہ توسیع درخواست مسترد ہو چکی ہے۔ برطانوی حکومت نے نواز شریف کو برطانیہ میں مزید قیام کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔