رمیز راجہ پی سی بی کے ’راجہ‘ بن گئے
لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔ فصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوا، بورڈ کے الیکشن کمیشن جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید صدارت کررہے ہیں، اجلاس میں عاصم واجد جواد،عالیہ ظفر، اسد علی خان ، عارف سعید ، جاوید قریشی ، رمیز راجہ اور وسیم خان اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں چیئرمین پی سی بی کا انتخاب لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کہا جائے گا ، جس کے بعد ایک سے زیادہ امید وار کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے پر ووٹنگ کرائی جائے گی ، سادہ اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار چیئرمین پی سی بی منتخب ہوجائے گا ۔
گورننگ بورڈ میں 4آزاد اراکین ، پیٹرن کے 2نمائندے ، 3منتخب صوبائی نمائندے اور چیف ایگزیکٹو شامل ہیں، 4آزاد نمائندے ،پیٹرن کے 2 نمائندے اور چیف ایگزیکٹیو ووٹ دےسکیں گے تاہم صوبائی ایسوسی ایشن کاانتخابی عمل مکمل نہ ہونے کےباعث کوئی رکن شریک نہیں۔
59 سالہ رمیز راجہ 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، رمیز راجہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ انہوں نے 1984ء سے 1997ء کے دوران 57 ٹیسٹ میچز میں 2833 رنز بنائے جب کہ 198 ون ڈے میچز میں 9 سنچریوں کی مدد سے 5841 رنز سکور کیے، رمیز راجہ نے کمنٹری کے میدان میں بھی خوب نام کمایا، رمیز راجہ کے بڑے بھائی وسیم حسن راجہ بھی ٹیسٹ کرکٹر تھے جنہوں نے عمران خان کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلی۔