آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں ایک روز کی توسیع
اسلام آباد: ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں ایک روز کی توسیع کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر پر مشتمل بینچ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت کی توسیع کے لئے آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواستوں کی سماعت کی۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا جس میں کوئی حقیقت نہیں، کہا گیا کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، آصف زرداری پر نہیں بلکہ زرداری گروپ نامی کمپنی پربینفشری ہونے کا الزام ہے، آصف زرداری اس کمپنی کے ڈائریکٹر بھی نہیں بلکہ صرف شیئر ہولڈر ہیں، اس کی ڈائریکٹر فریال تالپور تھیں۔
آصف زرداری پر کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام نہیں، ان پر الزام ہے کہ آصف علی زرداری نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے رقم حاصل کی، ایف آئی آر کے مطابق آصف زرداری کا جعلی بینک اکاؤنٹس سے کوئی تعلق نہیں۔