لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات
راولپنڈی :پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر اہم ترین تقرر و تبادلے کر دیئے گئے ، جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ جنرل ندیم احمد انجم آئی ایس آئی کے نئے سربراہ ہوں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق جنرل ندیم احمد انجم کو انٹر سروسز انٹیلی جنس کا نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا گیاہے اس سے قبل وہ کور کمانڈر کراچی تعینات تھے ۔ جبکہ جنرل محمد سعید کو کورکمانڈر کراچی تعینات کردیاگیا ہے۔آئی ایس پی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کر دیا گیاہے جبکہ میجر جنرل عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کر دیتے ہوئے پاک فوج کے ایڈجوئنٹ جنرل تعینات کر دیا گیاہے ۔لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کور کمانڈر کوئٹہ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے، آپ کا تعلق اے کے رجمنٹ سے ہے ۔